شاہدرہ ٹاؤن میں نقب زنی کی واردات، پولیس نے 24 گھنٹوں میں سرغنہ سمیت 2 ملزمان گرفتار کر لیے

شاہدرہ ٹاؤن میں نقب زنی کی واردات، پولیس نے 24 گھنٹوں میں سرغنہ سمیت 2 ملزمان گرفتار کر لیے

لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں نقب زنی کی واردات کرنے والے دو ملزمان کو پولیس نے 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان بند دکانوں اور گھروں میں لوگوں کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھا کر چوریاں اور نقب زنی کی وارداتیں کرتے تھے۔تفصیلات کے مطابق شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے سرغنہ عاصم عرف گنجا اور اس کے ساتھی عثمان کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی، نقب زنی کے لیے استعمال ہونے والے اوزار اور دیگر مسروقہ سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتاری کے وقت ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں قابو میں کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ دیگر ممکنہ وارداتوں اور ساتھیوں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔