مری کا موسم شدید خراب، ندی نالوں سے دور رہیں:مقامی افراد اور سیاحوں کیلئے جاری ہدایات

مری (آئی این پی )مری کے بالائی علاقوں میں شدید بارش اور دھند چھا گئی، مری کا موسم خراب ہونے پر مقامی افراد اور سیاحوں کے لئے ہدایات جاری کر دی گئیں۔مری میں بارشوں کا سلسلہ گذشتہ دو دنوں سے جاری ہے، ضلعی انتظامیہ نے مقامی افراد اور سیاحوں سے کہا ہے کہ ندی نالوں سے دور رہیں، طغیانی کا خطرہ ہے۔سیاحوں کو غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ کہا گیا ہے کہ بارش اور دھند میں گاڑیوں میں فوگ لائٹ کا استعمال لازمی کریں۔ضلعی انتظامیہ مری کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے، موسم شدید خراب ہونے کی وجہ سے مقامی افراد کو بھی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔