سانحہ پشاور کے بعد سکولوں کا معائنہ ، کئی عمارتیں خستہ حال قرار

ڈی آئی خان کے 2 سرکاری سکولوں کے تمام 25 کلاس رومز خستہ ہیں:محکمہ تعلیم کی رپورٹ
پشاور (آئی این پی) سانحہ پشاور دیر کالونی کے بعد خیبر پختونخوا میں تعلیمی اداروں کی عمارتوں کے معائنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جس دوران کئی اسکولوں کی عمارتیں خستہ حال پائی گئیں۔محکمہ تعلیم کے مطابق بونیر کے بدال سرکاری اسکول کے 6 میں سے 4 کلاس رومز اور چارسدہ کے 3 سرکاری اسکولوں کے 20 میں سے 15 کلاس رومز کو خستہ حال قرار دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ لوئر دیر میں لڑکوں کے 3 سرکاری اسکولوں کی عمارتیں ناقابل استعمال ہیں، کرک کے بمی بانڈہ سرکاری اسکول کے دونوں کلاس رومز ، لکی مروت کے 2 سرکاری اسکولوں کے 5 میں سے 4 ، مردان کے 2 سرکاری اسکولوں کے 15 میں سے 4 ، ڈیرہ اسماعیل خان کے 2 سرکاری اسکولوں کے تمام 25 کلاس رومز اورہری پور کے لڑکیوں کے 3 سرکاری اسکولوں کی عمارتیں مکمل خستہ حال قرار دے دی گئی ہیں۔