ٹیسٹ پاس کرنے والے گریڈ 16 اساتذہ کو گریڈ 17 کے برابر تنخواہ دی جائیگی،نئی پالیسی کااعلان
لاہور (آن لائن) محکمہ تعلیم پنجاب نے سرکاری ہائی سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز اور سربراہان کے لیے نئی پالیسی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت سربراہی کی ذمہ داری اب صرف ٹیسٹ پاس کرنے والے اساتذہ کو سونپی جائے گی۔محکمہ تعلیم کے مطابق گریڈ 16 کے وہ اساتذہ جو مذکورہ ٹیسٹ پاس کریں گے، انہیں گریڈ 17 کے ہیڈ ماسٹرز کے برابر تنخواہ دی جائے گی۔ یہ فیصلہ تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور کارکردگی پر مبنی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔محکمے نے واضح کیا ہے کہ جو اساتذہ ٹیسٹ پاس نہیں کریں گے یا امتحان میں شریک نہیں ہوں گے، ان سے ہیڈ ماسٹر یا پرنسپل کا چارج واپس لے لیا جائے گا۔ ان کی جگہ ٹیسٹ کامیاب امیدواروں کو تعینات کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اس نئی پالیسی کے باعث ہزاروں اساتذہ تذبذب کا شکار ہیں اور بھرتی کے لیے اپلائی کرنے سے گریزاں ہیں، جس کی بڑی وجہ ممکنہ محکمانہ کارروائی کا خوف بتایا جا رہا ہے۔تاہم محکمہ تعلیم کا مؤقف ہے کہ فی الوقت کسی بھی استاد کے خلاف فوری تادیبی کارروائی کا کوئی ارادہ نہیں، اس اقدام کا مقصد صرف کارکردگی پر مبنی تقرریوں کو یقینی بنانا ہے۔یاد رہے کہ ہیڈ ماسٹرز کی اسامیوں کے لیے آن لائن درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 جولائی مقرر کی گئی ہے۔