وانی شہید کی جدوجہد ثبوت ہے کشمیری نوجوان اپنے حق خودارادیت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے
لاہور ( خصوصی رپورٹر)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کشمیری حریت پسند نوجوان برہان مظفر وانی شہید کی شہادت کے دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ برہان وانی شہید نے قابض بھارتی فوج کے ظلم و جبر کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں نئی روح پھونکی ،اس کی شہادت کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو مزید مضبوط کرگئی ہے۔ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ برہان وانی شہید صرف ایک فرد نہیں ایک نظریے کا نام ہے جس نے سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا کو کشمیر میں ہونے والے مظالم سے آگاہ کیا۔ بھارت کا ظلم کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کچلنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ برہان وانی شہید کی جدوجہد اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیری نوجوان اپنے حقِ خودارادیت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اس نے نوجوان نسل کو آزادی کی راہ دکھائی اور دنیا کے سامنے یہ واضح کیا کہ کشمیر کا مسئلہ محض زمینی تنازع نہیں بل کہ ایک قوم کی بقاء، شناخت اور آزادی کا سوال ہے۔ڈاکٹرحافظ عبدالکریم نے عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے مستقل اور پْرامن حل کے لیے سنجیدہ کردار ادا کریں۔ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی،اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔آخر میں انہوں نے برہان وانی اور دیگر کشمیری شہداء کے درجات کی بلندی اور کشمیر کی آزادی کی دعا کی۔