ملی مجلس کی سپیکر کی سردارایاز سے ملاقات، پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیاگیا
سپیکرقومی اسمبلی نے دونوں ملکوں کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مختلف تجاویز دیں
اسلام آباد(آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ آذربائیجان ہمیشہ پاکستان کا ایک مخلص اور پْرعزم شراکت دار رہے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر قیادت پاکستانی پارلیمانی وفد نے آذربائیجان کی ملی مجلس کی سپیکر محترمہ صاحبہ غفارووا سے یہاں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے پارلیمانی تعلقات اور علاقائی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سپیکر ایاز صادق نے آذربائیجان کی جانب سے دورے کی دعوت اور گرمجوشی سے استقبال پر شکریہ ادا کیا اور آذربائیجان کے اصولی مؤقف کو سراہا، خاص طور پر جموں و کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے موقف کی حمایت اور دیگر اہم عالمی مسائل پر آذربائیجان کے جرات مندانہ موقف کی تعریف کی۔انہوں نے آذربائیجان کی فتح کے بعد ہونے والے وزیر اعظم پاکستان کے حالیہ دورے کو علامتی اہمیت کا حامل قرار دیا، جس نے عالمی برادری میں آذربائیجان کی حمایت کا مضبوط پیغام بھیجا۔ سپیکر ایاز صادق نے دونوں ممالک کے پارلیمانوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں، جن میں گوادر بندرگاہ کے ذریعے اقتصادی اور تجارتی روابط کو بہتر بنانا اور پاکستان، آذربائیجان اور ترکی کے پارلیمانی سپیکرز کے مابین سہ فریقی اجلاس کی تجویز شامل تھی۔محترمہ صاحبہ غفارووا نے آذربائیجان کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آذربائیجان ہمیشہ پاکستان کا ایک مخلص اور پْرعزم شراکت دار رہے گا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دوطرفہ روابط میں مزید بہتری لائی جا سکے۔