خیبرپختونخوا حکومت کا 1500 سکول نجی شعبے کو دینے کا فیصلہ

ایلیمنٹری ایجوکیشن فائونڈیشن کے تحت 200نئے سکول قائم ہوں گے،صوبائی وزیر تعلیم 
پشاور(آئی این پی ) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر کے 1500سکولوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ ایلیمنٹری ایجوکیشن فائونڈیشن کے ذریعے 200نئے سکول قائم کیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ    آئندہ مالی سال 26-2025 کیلئے 364ارب روپے کا تعلیمی بجٹ مختص کیا گیا ہے، جس میں 29نئے منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 10تاریخی سکولوں کی بحالی کیلئے بھی خصوصی فنڈ رکھا گیا ہے۔فیصل ترکئی نے کہا کہ 12سو ملین روپے تعلیم ایمرجنسی، سمارٹ کلاس رومز اور اضافی کمروں کی تعمیر کیلئے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ آئوٹ آف سکول بچوں کی تعداد اب بھی ایک بڑا مسئلہ ہے، تاہم ہر سال ان بچوں کو سکول لانے کی بھرپور مہم جاری ہے۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع کے سکولوں میں بنیادی سہولیات کی شدید کمی ہے، جسے دور کرنے کیلئے  وہاں پرائمری سکولوں میں 500نئے کمروں کی تعمیر کی جائے گی۔