سندھ میں 40فیصد ڈرائیوروں کی بینائی کمزور ہونے کا انکشاف

حیدرآباد(آئی این پی )صوبہ سندھ میں تقریباً 40فیصد ٹرک ڈرائیورز کے نظر کی کمزوری کا شکار ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ ایک نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق سندھ میں سرکاری سطح پر ڈرائیوروں کی آنکھوں کا معائنہ کیا جاتا ہے، جس میں بینائی کی جانچ پڑتال، رنگوں کی پہچان اور دیگر بصری صلاحیتوں کا معائنہ شامل ہے، اس مقصد کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ محکمے کام کر رہے ہیں۔اس سلسلے میں سندھ انسٹی ٹیوٹ آف اوپتھامولوجی اینڈ ویژول سائنسز حیدرآباد کے تحت نیشنل ہائی وے پر خصوصی مرکز قائم کیا گیا ہے۔موٹر وے پولیس ہائی وے سے گزرنے والی بڑی گاڑیوں اور ٹرکوں کو روک کر ڈرائیوروں کی آنکھوں کا معائنہ کرکے انہیں ادویات فراہم کی جاتی ہیں یا جس کا معاملہ زیادہ سنگین ہو اسے حیدرآباد کے ہسپتال ریفر کیا جاتا ہے۔متعلقہ حکام کے مطابق گذشتہ 6ماہ کے دوران 5ہزار ڈرائیوروں کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا، جن میں 20فیصد ڈرائیوروں کی موتیا، کالا پانی اور دیگر امراض کی تشخیص ہوئی، اس کے علاوہ 40فیصد ڈرائیوروں کی بینائی کمزور اور گاڑی چلانے کے لیے ان فٹ ہونے کا انکشاف ہوا۔