200 اور 201 یونٹ کا فرق ختم کیا جائے ارکان قائمہ کمیٹی ریلیف کیلئے مزید اقدامات کرینگے وزیر توانائی

200 یونٹ تک کے صارفین کو 80 فیصد ڈسکاونٹ دیا جا رہا ہے، سالانہ 250 ارب روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے
 زیادہ بجلی استعمال ہوگی تو بجلی کے ریٹ کم ہو جائیں گے، بجلی کی قیمت اس لئے ہی زیادہ ہے  اس  کا استعمال کم ہے:اویس لغاری

اسلام آباد (آئی این پی )قومی اسمبلی میں مہنگی بجلی کی گونج سنادی گئی ، 200 اور 201 یونٹ کا فرق ختم کرنے کا مطالبہ کردیاگیا ، وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کو بتایاہے   کہ سالانہ 250 ارب روپے کی بجلی چوری ہورہی ہے،200 یونٹ تک کے صارفین کو 80 فیصد ڈسکاونٹ دیا جا رہا ہے، ہم صارفین کو ریلیف کے حوالے سے مزید اقدامات بھی کریں گے۔توانائی کمیٹی کے رکن رانا سکندر حیات نے سوال کیا کہ ہم لوگوں کو کیا جواب دیں بجلی کب سستی ہوگی؟ لائف لائن والے صارفین کو 200 یونٹ تک 5000 روپے بل آتا ہے، جیسے ہی 201 یونٹ ہوتے ہیں  بل 15 ہزار ہو جاتا ہے۔رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ ایک یونٹ بڑھنے سے اگلے 6 ماہ تک وہ پروٹیکٹڈ صارف بھی نہیں رہتا، کم از کم  اسی مہینے کیلئے نان پروٹیکٹڈ رکھ لیں چھ ماہ کیلئے کیوں؟رکن توانائی کمیٹی ملک انور تاج نے 200 اور 201 یونٹ پر بلوں میں فرق کے مسئلے کو ایجنڈے میں شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 200 یونٹ اور 201 یونٹ کا معاملہ آجکل لوگوں میں زیر بحث ہے، ایجنڈہ شامل کیا جائے کہ ایک یونٹ کے فرق پر بل اتنا کیوں بڑھ جاتا ہے۔اراکین کو جواب دیتے ہوئے وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ 200 یونٹ تک کے صارفین کو 80 فیصد ڈسکاونٹ دیا جا رہا ہے، ہم صارفین کو ریلیف کے حوالے سے مزید اقدامات بھی کریں گے۔انہوں نے کہا  میرے لیے کنکشن دینا بہت آسان ہے اس سے بجلی زیادہ استعمال ہوگی، زیادہ بجلی استعمال ہوگی تو بجلی کے ریٹ کم ہو جائیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی کی قیمت اس لیے ہی زیادہ ہے کیونکہ بجلی کا استعمال کم ہے۔