لاہور سمیت کئی شہروں میں موسلادھار بارش،نشیبی علاقوں میں پانی جمع

تربیلا ڈیم کے سپل وے کھولنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی، دیہات کا زمینی راستہ بندہوگیا

لاہور،کراچی (آئی این پی ‘یو این پی)ملک بھر میں مون سون کا ہیوی سپیل جاری ہے، لاہور، ملتان، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ بہاولپور اور لیہ میں بادل برس پڑے۔لاہور کے علاقے گلبرگ، کلمہ چوک اور مغل پورہ کے علاقوں میں بارش ہوئی، گڑھی شاھو، لکشمی چوک میں بھی گرج برس ہوئی، فیروز پور روڈ، جوہر ٹائون اور علامہ اقبال ٹائون کے علاقوں میں بادل جم کر برسے، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش ہوئی، گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، ہنگو میں بادل جم کر برسے، ہری پور میں طوفانی بارش کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، متعدد سڑکیں آمدورفت کیلئے بند کردی گئیں، کراچی میں بادلوں کے ڈیرے رہے، رم جھم سے موسم خوشگوار ہوگیا۔قلات میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، نشیبی علاقے ڈوب گئے، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ پیدا ہوگیا، تربیلا ڈیم کے سپل وے کھولنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور کئی دیہات کا زمینی راستہ بند ہوگیا۔