فیصل آباد : پونزی سکیم اور انویسٹمنٹ فراڈ میں ملوث کال سنٹر پر چھاپہ 149افراد گرفتار

 فراڈ نیٹ ورک کے تحت عوام  کو دھوکہ دے کر خطیر رقم بٹوری جا رہی تھی‘گرفتار ہونے والوں میں پاکستانی اور غیر ملکی بھی شامل ہیں

گرفتار افراد  مختلف نوعیت کے مالیاتی جرائم اور دھوکہ دہی میں ملوث پائے گئے ‘ فراڈ نیٹ ورک کے خلاف 7مقدمات درج ہو چکے ہیں
لاہور(عدنان ملک)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی  فیصل آباد نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ہم آہنگی سے آپریشن کیا۔ یہ چھاپہ ملک تسہین اعوان ولد محمد اسلم (سابق چیئرمین فیسکو/واپڈا) کی رہائش گاہ، واقع سانگلہ ہل روڈ، شاہکوٹ، فیصل آباد پر مارا گیا۔چھاپے کے دوران وہاں ایک بڑے کال سینٹر کا انکشاف ہوا، جو پونزی  سکیم اور انویسٹمنٹ فراڈ میں ملوث تھا۔ اس فراڈ نیٹ ورک کے تحت عوام الناس کو دھوکہ دے کر خطیر رقم بٹوری جا رہی تھی۔کارروائی کے دوران 149 افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، جن میں پاکستانی اور غیر ملکی باشندے شامل ہیں۔ گرفتار ہونے والوں میں 131 مرد اور 18 خواتین شامل ہیں۔ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد تمام افراد کو قانونی حراست میں لے لیا گیا ہے۔گرفتار شدہ افراد کا تعلق مندرجہ ذیل ممالک سے ہے:چین: 44 مرد، 4 خواتین‘نائیجیریا: 3 مرد، 5 خواتین‘فلپائن: 1 مرد، 3 خواتین‘سری لنکا: 1 مرد، 1 خاتون‘بنگلہ دیش: 6 مرد‘زمبابوے: 1 خاتون‘میانمار: 2 خواتین‘پاکستان: 76 مرد، 2 خواتین‘اس فراڈ نیٹ ورک کے خلاف مجموعی طور پر 7 مقدمات (ایف آئی آر نمبر 141 تا 147) درج کیے جا چکے ہیں۔ گرفتار شدگان مختلف نوعیت کے مالیاتی جرائم اور دھوکہ دہی میں ملوث پائے گئے ہیں۔تحقیقات کا عمل این سی سی آئی اے فیصل آباد کی جانب سے قانون کے مطابق جاری ہے۔ اس بڑے فراڈ نیٹ ورک کی گرفتاری پاکستان میں سائبر کرائم کے خلاف جنگ میں ایک نمایاں کامیابی ہے۔