ساجد پنجگور سے تربت کی طرف بھاری مقدار میں اسلحہ منتقل کر رہا تھا، سوشل میڈیا پر کالعدم تنظیموں کا مواد نشر کرنے میں مرکزی کردار ادا کر تارہا
ساجد احمد یونیورسٹی آف تربت میں پڑھاتا رہا ہے، ساجد کی بھاوج بھی بی وائی سی کی کارروائیوں میں ملوث تھی‘ دہشت گرد جہانزیب مہربان بھی پکڑا گیا
کوئٹہ ( آن لائن) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران فتنہ الہہندوستان سے تعلق رکھنے والے دو دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ دہشتگرد ساجد پنجگور سے تربت کی طرف بھاری مقدار میں اسلحہ منتقل کر رہا تھا۔ کوئٹہ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی ٹی ڈی بلوچستان کے ڈی آئی جی اعزاز گورایہ نے بتایا کہ پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے اہم آپریشن کیا جس میں ساجد احمد نامی ایک دہشتگرد کو گرفتار کیا گیا ہے جو اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد ساجد پنجگور سے تربت کی طرف بھاری مقدار میں اسلحہ منتقل کر رہا تھا، گرفتار دہشت گرد سوشل میڈیا پر کالعدم تنظیموں کا مواد نشر کرنے میں مرکزی کردار ادا کر رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ ایک دہشت گرد جہانزیب مہربان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جو ریکی اور رقم فراہم کرنے میں شامل رہا ہے، جہانزیب نے ایک اور 18 سال کے لڑکے کو بھی اپنے ساتھ شامل کیا تھا۔حکام کے مطابق ساجد احمد یونیورسٹی آف تربت میں پڑھاتا رہا ہے، ساجد کی بھاوج بھی بی وائی سی کی کارروائیوں میں ملوث تھی، مزید کارروائیوں میں دہشت گرد بیزل اور خاران کے رہائشی سرفراز کو بھی گرفتار کیا ہے۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ پورے صوبے میں پولیس کی عملداری موجود ہے، ہر ضلع میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ادارے کی شاخیں بنائی جارہی ہیں، گزشتہ تین ماہ میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک دہشت گرد جہانزیب مہربان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جو ریکی اور رقم فراہم کرنے میں شامل رہا ہے۔