امریکہ سے دیرینہ تعلقات ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر مبنی تعلقات کے حامل ہیں‘مضبوط دو
طرفہ تعلقات چاہتے ہیں
چین سے تعلقات ہماری پالیسی کا حصہ ہیں،دہائیوں پر مشتمل یہ تعلقات کسی چیز سے متاثر نہیں ہوتے:ترجمان کی ہفتہ وار پریس بریفنگ
اسلام آباد(بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے پاکستان کے امریکا کیساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر مبنی ہیں،پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی قیاس آرائیاں غلط ہیں، پاکستان کے فارن مشنز، اور دفترخارجہ میں بات چیت سیکرٹ ایکٹ کے تحت ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہارترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف 11 نومبر کو الریاض سمٹ میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم اعلی سطح وفد کے ہمراہ شریک ہوں گے۔ پاکستان فلسطین کی ازاد ریاست اور اسرائیلی جار حیت کے خاتمہ کا مطالبہ کرے گا۔وزیر اعظم محمد شہبازشریف 12 اور 13 نومبر کو جمہوریہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں کوپ 29 کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ کوپ کانفرنس میں وزیراعظم شہبا ز شریف اور بھارتی وزیراعظم کی ملاقات کا امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا قاضی فائر عیسی کی گاڑی پر حملے کے معاملے پر برطانوی حکومت سے رابطے میں ہیں۔ ابتدائی معلومات کے بعد حکومت کی جانب سے معاملہ باضابطہ طور پر اٹھایا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ صدر مملکت اور وزیراعظم نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی ہے، پاکستان کے امریکا کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، پاکستان اور امریکا پرانے دوست اور شراکت دار ہیں، ہم ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر مبنی تعلقات کے حامل ہیں۔ پاکستان امریکا کے ساتھ مضبوط دو طرفہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان کے فارن مشن اور وزارتِ خارجہ کے درمیان بات چیت سیکریٹ ایکٹ کے تحت ہوتی ہے۔ پاکستان دوسرے ممالک کی سیاست اور اندورنی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے۔ پاکستان اورچین کے سیکیورٹی معاملات سمیت تمام شعبوں میں رابطے ہیں، وزیراعظم اور وزیرداخلہ نے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا۔ چینی باشندوں پرحملے کی تحقیقات جاری ہیں، تحقیقات مکمل ہونے پر وزارت داخلہ اس پر بات کرے گی۔ چاہے چینی، پاکستانی یا کوئی بھی شہری ہو معاوضہ انسانی زندگی کا نعم البدل نہیں ہوتا۔