امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کو امریکا کی 51ویں ریاست بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایسے نقشے شیئر کیے ہیں جن میں کینیڈا اور امریکا کو ایک ملک کے طور پر دکھایا گیا ہے، جس پر "یونائیٹڈ اسٹیٹس" لکھا ہوا ہے۔ٹرمپ نے ایک نقشے کے کیپشن میں "او کینیڈا" بھی لکھا ہے۔ اس سے قبل، انہوں نے کینیڈا کی سرحد کو "عارضی لکیر" قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا خاتمہ قومی سلامتی کے لیے بہتر ہوگا۔فلوریڈا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران، ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر میکسیکو اور کینیڈا نے غیر قانونی امیگریشن اور منشیات کی اسمگلنگ کو نہ روکا تو ان پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔ انہوں نے خلیج میکسیکو کا نام بدل کر "خلیج امریکا" رکھنے اور گرین لینڈ کو بھی امریکا میں شامل کرنے کی خواہش ظاہر کی۔کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ٹرمپ کی اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا قیامت تک امریکا میں ضم نہیں ہوگا۔