خالدہ ضیا نے بھی بنگلا دیش چھوڑ دیا،علاج کے لیے لندن روانہ

 ڈھاکا (آئی این پی )بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا علاج کے لیے لندن روانہ ہوگئیں۔حسینہ واجد پہلے بنگلادیش چھوڑ چکی ہیں اور اب دونوں سابق وزرائے اعظم بنگلا دیش سے باہر ہیں۔خالدہ ضیا کو لے جانے کیلئے قطر نے طیارہ بھیجا۔بنگلا دیشی ذرائع ابلاغ کے مطابق خالدہ ضیا کے ذاتی معالج زاہد حسین نے بتایا کہ امیر قطر نے 79 سالہ سابق وزیراعظم کو علاج کی غرض سے لے جانے کے لیے طبی آلات سمیت قطر ائیرلائن کی جانب سے فراہم کردہ خصوصی ائیر ایمبولنس کا انتظام کیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ خالدہ ضیا کے قریبی ساتھی انعام الحق چودھری نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ ضیا کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے لندن پہنچایا گیا ہے۔خالدہ ضیا کے ڈاکٹر کے مطابق سابق بنگلادیشی وزیر اعظم کو صحت کے کئی سنگین مسائل درپیش ہیں، جن میں جگر کی بیماری، دل کے مسائل اور گردے کے مسائل شامل ہیں۔ ان کی واپسی کی تاریخ ابھی طے نہیں اور علاج کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔