2025 کی پہلی ششماہی کیلئے طاقتور ترین پاسپورٹس میں پاکستان کا 103واں نمبر
سنگاپور کا پاسپورٹ دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار‘جاپان طاقتور پاسپورٹ رکھنے والا دوسرا ملک
لندن(آئی این پی)2025 کی پہلی ششماہی کے لیے دنیا بھر کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں پاکستان ایک بار پھر سب سے نیچے موجود ممالک میں شامل ہے۔ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جنوری سے جون 2025 کے لیے جاری کی گئی فہرست میں ایک ایشیائی ملک کا پاسپورٹ طاقتور ترین قرار پایا ہے۔ہینلے انڈیکس کے مطابق سنگاپور کا پاسپورٹ دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ ہے۔سنگاپور کے پاسپورٹ رکھنے والے افراد 195 ممالک میں ویزا کے بغیر سفر کرسکتے ہیں۔دنیا کا دوسرا طاقتور ترین پاسپورٹ بھی ایک ایشیائی ملک کا ہے اور وہ ہے جاپان۔جاپانی پاسپورٹس کے ساتھ آپ 193 ممالک میں ویزا فری سفر کرسکتے ہیں۔جنوبی کوریا، فرانس، جرمنی، اٹلی، اسپین اور فن لینڈ کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر موجود ہیں جن کے حامل افراد کو 192 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہوجاتی ہے۔آسٹریا، ڈنمارک، آئرلینڈ، لکسمبرگ، ناروے، سویڈن اور نیدرلینڈز کے پاسپورٹس 191 ممالک میں ویزا فری داخلے کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔بیلجیئم، پرتگال، نیوزی لینڈ، سوئٹزر لینڈ اور برطانیہ کے حصے میں 5 واں نمبر آیا اور ان ممالک کے پاسپورٹس سے 190 ممالک میں ویزا فری رسائی مل سکتی ہے۔189 ممالک میں ویزا فری داخلے کے ساتھ آسٹریلیا اور یونان کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر 5 ویں نمبر پر رہے۔کینیڈا، مالٹا اور پولینڈ کے پاسپورٹس 7 ویں نمبر پر رہے اور ان کے حامل افراد 188 ممالک میں ویزا فری سفر سے مستفید ہوسکتے ہیں۔پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا 5 واں ملک قرار پایا ہے۔مجموعی طور پر پاکستانی پاسپورٹ کے حصے میں 103 نمبر آیا اور اس پر 33 ممالک میں ویزا فری داخلہ ممکن ہے۔