اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کے شعبے میں عالمی سطح پر قدم رکھنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے یہ بات انڈس آرٹیفیشل ٹیکنالوجی ویک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔شہباز شریف نے کہا کہ انڈس اے آئی ویک ایونٹ ملک کے ٹیکنالوجیکل منظرنامے کو بدل دے گا اور عالمی سطح پر پاکستان کو ایک مضبوط پارٹنر کے طور پر پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشترکہ راہ پر عزم اور جوش کے ساتھ قدم بڑھا رہا ہے۔وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ لاہور میں پہلا سیف سٹی منصوبہ اور پہلی آئی ٹی یونیورسٹی قائم کی گئی ہیں، جبکہ لینڈ ریکارڈ میں اصلاحات سے کرپشن کا خاتمہ ممکن ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ زمین کے ریکارڈ کی شفافیت کو یقینی بنایا گیا اور ای اسٹامپ پیپر کے اجراء سے آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی 24 کروڑ آبادی میں 60 فیصد نوجوان ہیں، اور بطور وزیراعلیٰ پنجاب انہوں نے نوجوانوں کو جدید علم اور مہارتوں سے آراستہ کرنے پر توجہ دی۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے فوائد اور چیلنجز دونوں موجود ہیں، اور نوجوانوں کو اس کے مطابق تیار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔مزید برآں وزیرِ اعظم نے بتایا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جدید اسکینرز اور آلات پورٹس پر نصب کیے گئے ہیں تاکہ تجارتی اور اقتصادی نظام کو مضبوط بنایا جا سکے۔