ہسپتال سے تعاون جاری رہے گا:گورنرکے پی،رمضان پیکیج ،سرٹیفکیٹس تقسیم
لاہور (خصوصی رپورٹ )گورنر خیبرپختونخوا اور صدر ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ قدرتی آفات، ہنگامی صورتحال میں پاک ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی خدمات قابلِ ستائش ہیں، ہلالِ احمر پنجاب نے خیبرپختونخوا میں متاثرہ افراد کی مدد کر کے خدمت کی شاندار مثالیں قائم کیں، وہ ادارے کی انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کودینا ناتھ مانگا منڈی میں پاک ریڈ کریسنٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالج میں تقریب سے خطاب کرتے کیا۔ گورنرنے ہلالِ احمر ہسپتال کیلئے 250 بستروں پر مشتمل نئے بلاک کا سنگِ بنیاد رکھاجو طبی سہولیات میں نمایاں اضافہ ثابت ہوگا۔ اس موقع پر چیئرمین پاک ریڈ کریسنٹ سوسائٹی پنجاب میاں حنیف ، جنرل سیکرٹری محبوب قادرسمیت فیکلٹی ممبران، ڈاکٹرز، طلبہ اور عملہ موجود تھا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا یہ ہسپتال جلد500 بستروں کا جدید طبی مرکز بن جائیگا، جس سے ہزاروں افراد کا معیاری علاج ہو گا۔انہوں نے ہسپتال میں ٹیم کی کارکردگی کو سراہااور تجویز دی کہ ہلالِ احمر کی صوبائی تنظیموں کے ہر 3 ماہ بعد اجلاس منعقد کیے جائیں تاکہ باہمی تجربات سے استفادہ کیا جا سکے۔ مرکزی ہیڈ کوارٹرزصوبائی تنظیموں کو گاڑیوں و دیگر سہولیات فراہمی کیلئے تعاون کرے ، ہلالِ احمر کیلئے تعاون جاری رکھیں گے ۔قبل ازیں گورنرنے پاک ریڈ کریسنٹ ٹیچنگ ہسپتال میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی ،پھول پیش کیے، جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔بعد ازاں گورنرنے ہلالِ احمر کی جانب سے مستحق خاندانوں کورمضان پیکیج کے تحت راشن تقسیم کیا اوربہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے ڈاکٹرز اور طلبہ کو سرٹیفکیٹس اور شیلڈز بھی تقسیم کیں ۔