بسنت میں 2 ارب سے زائد کا پتنگ بازی سامان فروخت

 آئندہ بسنت کا اعلان 3 ماہ پہلے کیا جائے تاکہ سامان کی ترسیل ، قیمتیں مناسب رہیں
پتنگ، ڈور مینوفیکچرنگ ، ترسیلی بد انتظامی پر قیمتیں بڑھیں، کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن 
لاہور (خصوصی رپورٹ )لاہور میں تین روزہ بسنت کے دوران دو ارب سے زائد کا پتنگ بازی کا سامان فروخت ہوا۔پنجاب حکومت کی مشروط اجازت سے لاہور میں بسنت کا ثقافتی تہوار جوش وخروش سے منایا گیا۔ زندہ دلانوں کے شہر میں تین روز سے جشن کا سماں رہا۔دن اور رات کی تفریق کے بغیر آسمان پر ہر طرف رنگ برنگی پتنگیں اڑتی دکھائی دیتی رہیں۔ چھتوں پر میلے لگے رہے ، جہاں بسنت کی مناسبت سے گانے اور بوکاٹا کے نعرے گونج رہے تھے۔بسنت کے حوالے سے صدر ڈسٹرکٹ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن شیخ سلیم کا کہنا ہے کہ لاہور میں یکم سے 7 فروری تک بسنت کیلئے 2 ارب سے زائد کا جبکہ بسنت کے تین روز میں 50 کروڑ سے زائد کا پتنگ بازی کا سامان فروخت ہوا۔ پتنگ اور ڈور کی مینوفیکچرنگ اور ترسیل میں بد انتظامی سے اسکی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔صدر ڈسٹرکٹکائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئندہ سال بسنت کا اعلان 3 ماہ پہلے کیا جائے تاکہ سامان کی ترسیل اور قیمتیں مناسب رہیں۔ انہوں نے حکومتی ایس او پیز پر موثر عملدرآمد کرنے پر عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔