متحدہ عرب امارات کی فتویٰ کونسل نے رمضان المبارک 2026 کے لیے صدقۂ فطر، فدیہ اور دیگر متعلقہ ادائیگیوں کی سرکاری رقوم متعین کر دی ہیں۔
یو اے ای کونسل برائے فتویٰ کے مطابق وزارتِ اقتصادیات اور سیاحت کے تعاون سے کی گئی فیلڈ پرائس اسٹڈی کے بعد صدقۂ فطر، فدیہ اور رمضان سے متعلق دیگر مالی عبادات کے لیے نقد اور اجناس کی بنیاد پر رقوم مقرر کی گئی ہیں۔کونسل کا کہنا ہے کہ صدقۂ فطر فی فرد 2.5 کلو چاول یا 25 درہم نقد ادا کیا جا سکتا ہے۔ روزہ نہ رکھنے والوں کے لیے فدیہ ایک مسکین کو 3.25 کلو گندم یا 20 درہم فی دن کھلانے کے برابر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ کھانا کھلانے کی صورت میں بھی یہی 20 درہم فی فرد لاگو ہوں گے۔رمضان کے روزے کو بلا عذر شرعی توڑنے کا فدیہ 1,200 درہم مقرر کیا گیا ہے، جو 60 مستحق افراد میں تقسیم کیا جائے گا۔ اسی طرح حج یا عمرہ کے دوران ممنوعہ امور سرزد ہونے پر فدیہ 120 درہم ہوگا، جو چھ ضرورت مندوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
فتویٰ کونسل کے ترجمان نے بتایا کہ ہر صاحبِ حیثیت مسلمان مرد اور عورت پر صدقۂ فطر ادا کرنا واجب ہے۔ زکوٰۃ الفطر ایک فرض صدقہ ہے جو رمضان کے مقدس مہینے میں مستحق افراد کو دیا جاتا ہے، اور اسے رمضان کے دوران یا عید الفطر کی نماز سے پہلے ادا کیا جا سکتا ہے۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صدقۂ فطر اور فدیہ کی ادائیگی زکوٰۃ فنڈ، امارات ریڈ کریسنٹ یا متحدہ عرب امارات میں تسلیم شدہ اور منظور شدہ خیراتی اداروں کے ذریعے کریں۔