ریاض: سعودی سینٹرل بینک (ساما) نے رمضان المبارک کے دوران بینکنگ سیکٹر کے اوقاتِ کار اور عید الفطر و عید الاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔
رمضان کے دوران بینکوں کے اوقاتِ کار
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق رمضان المبارک میں مملکت کے تمام بینکوں میں کام کا آغاز صبح 10 بجے جبکہ اختتام سہ پہر 4 بجے ہوگا۔
عیدالفطر کی تعطیلات
بینک کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق یکم شوال 1446 ہجری بمطابق 30 مارچ 2025 (اتوار) سے عید الفطر کی تعطیلات کا آغاز ہوگا، جو چار شوال (2 اپریل، بدھ) تک جاری رہیں گی۔
عیدالاضحیٰ کی تعطیلات
سینٹرل بینک نے عید الاضحیٰ کے حوالے سے اعلان کیا کہ 9 ذوالحجہ 1446 ہجری بمطابق 5 جون 2025 (جمعرات) سے بینکوں میں تعطیلات شروع ہوں گی جو 10 جون (منگل) تک برقرار رہیں گی۔
خصوصی برانچز معمول کے مطابق کھلی رہیں گی
سعودی سینٹرل بینک نے واضح کیا ہے کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور سرحدی علاقوں میں مخصوص برانچز دورانِ تعطیلات بھی کھلی رہیں گی تاکہ عازمین حج اور عمرہ زائرین کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مزید برآں، بعض بینکوں کے مخصوص کاروباری مراکز اور کرنسی ایکسچینج یونٹس بھی معمول کے مطابق خدمات فراہم کریں گے، جن کی تفصیلات متعلقہ بینکوں کی ویب سائٹس پر دستیاب ہوں گی۔