وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف دنیا کے لیے ایک ڈھال کا کردار ادا کر رہا ہے اور عالمی سطح پر دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مضبوط اور مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے اطالوی ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی اور یورپین کمشنر میگنس برنر نے رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گرد حملے میں جانی نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔اس موقع پر اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ المناک واقعے کی خبر سن کر گہرا دکھ ہوا۔ انہوں نے اٹلی کی حکومت اور اپنی جانب سے متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں اٹلی پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اٹلی ہر قسم کی دہشت گردی کی سخت مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
یورپین کمشنر میگنس برنر نے کہا کہ ہماری دعائیں متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں ہم پاکستانی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مشکل وقت میں اظہارِ یکجہتی پر اطالوی وزیر داخلہ اور یورپین کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور آج دنیا کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کے لیے عالمی سطح پر مؤثر اور مربوط حکمتِ عملی کی اشد ضرورت ہے۔