اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے اتوار کو سعودی عرب میں منعقد ہونے والی ابھرتی ہوئی مارکیٹ معیشتوں کی سالانہ علولہ کانفرنس کے موقع پر ورلڈ بینک گروپ کی مینجنگ ڈائریکٹر اینا بیجیرڈے سے ملاقات کی۔ یہاں موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران گزشتہ ہفتے ورلڈ بینک کے صدر کے پاکستان دورے پر عمل درآمد کرتے ہوئے دونوں فریقوں نے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور ترقیاتی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔