سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ سندھ واحد صوبہ ہے جو پرائیویٹ بسوں میں مسافروں کے لیے سبسڈی فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے عوام کو سہولت دینے کے لیے حکومت سندھ کے اقدامات کی تفصیلات بھی پیش کیں۔شرجیل میمن نے بتایا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی جنگی صورتحال کی وجہ سے وفاقی حکومت کو پیٹرول کی قیمت بڑھانا پڑی، جس سے عوام پر بوجھ پڑا، تاہم سندھ حکومت نے اس بوجھ کو کم کرنے کے لیے 35 ارب روپے کی سبسڈی مختص کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ اہمیت کسانوں کو دی گئی ہے۔ 25 ایکڑ تک زمین رکھنے والے کسانوں کو 1500 روپے فی ایکڑ کی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے اور اس کا ڈیٹا حکومت کے پاس موجود ہے۔
دوسرے نمبر پر موٹر سائیکل والوں کو سہولت دی گئی ہے۔ شرجیل میمن نے بتایا کہ روزانہ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے دفاتر کھلے ہیں اور اب تک 15,000 سے زائد لوگوں نے اپنے کوائف جمع کروائے ہیں۔ اس اسکیم کے تحت 6.7 ملین لوگوں کو فی اکاؤنٹ 2 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ میں ٹرانسپورٹرز کو بھی سبسڈی دی جا رہی ہے اور یہ واحد صوبہ ہے جو پرائیویٹ بسوں میں سبسڈی دے رہا ہے، جس سے عوام کو سفر میں راحت ملے گی۔