مارکیٹ میں 12 ہزار روپے تک کے ہیلمٹ موجود، 5 تا 6 ہزار والامعیاری قرار
لاہور(زیڈ این این)ٹریفک پولیس کی جانب سے ہیلمٹ پہننے کی سختی کے بعد شہر بھر کی مارکیٹوں میں ہیلمٹ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق ہیلمٹ کی خریداری میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور لوگ بڑی تعداد میں ہیلمٹ خریدنے مارکیٹوں کا رُخ کر رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس ہیلمٹ نہ پہننے پر 2 ہزار روپے جرمانہ کر رہی ہے، جبکہ مارکیٹ میں پہلے 350 روپے میں ملنے والا ہیلمٹ اب 500 یا اس سے بھی زیادہ قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے، جس سے عام افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب دکانداروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مارکیٹ میں 12 ہزار روپے تک کے ہیلمٹ دستیاب ہیں، جبکہ 5 سے 6 ہزار روپے والے ہیلمٹ کو بہتر اور معیاری تصور کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غیر معیاری ہیلمٹ اگرچہ چالان سے تو بچا لیتے ہیں مگر حادثے کی صورت میں جان کی حفاظت نہیں کر سکتے، اس لیے شہریوں کو معیاری ہیلمٹ خریدنے چاہئیں۔مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی طلب کے باعث قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور شہری اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔