پنجاب میں تیتر کے غیرقانونی شکار پر 35 شکاریوں کو 5 لاکھ 30 ہزار روپے جرمانہ

پنجاب میں تیتر کے غیرقانونی شکار پر 35 شکاریوں کو 5 لاکھ 30 ہزار روپے جرمانہ

لاہور: تیتر کے غیرقانونی شکار اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر پنجاب میں کارروائیاں، 35 شکاریوں کے چالان، ساڑھے پانچ لاکھ روپے جرمانہ

پنجاب وائلڈ لائف نے سالٹ رینج ریجن اور راولپنڈی ریجن میں تیتر کے غیرقانونی شکار کی خلاف ورزیوں پر 35 شکاریوں کے چالان کیے اور مجموعی طور پر ساڑھے پانچ لاکھ روپے جرمانہ کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف سالٹ رینج ریجن رائے زاہد علی کھرل کی سربراہی میں وائلڈ لائف اسٹاف نے 110 گاڑیوں اور 299 شکاریوں کا معائنہ کیا اور قواعد کی خلاف ورزیوں پر 17 چالان کیے۔ اس کارروائی میں ایک لاکھ 81 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا، جبکہ ایک کیس عدالت میں بھیجا گیا اور 7 مقدمات زیرِ التواء ہیں۔

اسی طرح، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف راولپنڈی ریجن راجہ احسان احمد کی ٹیم نے ضلع راولپنڈی و اٹک میں تیتر کے قانونی شکار کے دوران قواعد کی خلاف ورزیوں پر 15 چالان کیے اور 2 لاکھ 66 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ اس کے علاوہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع اٹک ذیشان یوسف جتوئی نے جنگلی خرگوش کے غیرقانونی شکار پر 3 شکاریوں سے 1 لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا۔

پنجاب وائلڈ لائف نے یکم دسمبر سے 31 جنوری تک تیتر کے شکار کی اجازت صرف اتوار کو دی ہے۔