آزادکشمیر میں برسراقتدار ہائبرڈ رجیم مکمل طور پر فیل ہوچکی،وزیراعظم انوارالحق سے استعفے کا مطالبہ
مظفرآباد (آن لائن)سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ متنازع صدارتی آرڈیننس کی واپسی کے بعد وزیراعظم چودھری انوارالحق مستعفی ہوں اب آرڈیننس کو واپس لینا بعد از مرگ علاج کے مترادف ہے۔ آزادکشمیر میں برسراقتدار ہائبرڈ رجیم مکمل طور پر فیل ہوچکی،معاملات کو پرامن طور پر حل کرنے میں ایکشن کمیٹی نے مثبت طرز عمل کا مظاہرہ کیا انتظامیہ نے بھی ذمہ داری دکھائی۔ موجودہ صورتحال کے حوالے سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں راجا محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ صدر مسلم لیگ (ن) شاہ غلام قادرجماعت کی جانب سے کوئی واضح پالیسی بیانیہ نا دے سکے جس پر انہیں مستعفی ہوجانا چاہیے‘ ایکشن کمیٹی سے بھی کہتا ہوں کہ موجودہ حالات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ان کے کچھ مطالبات جائز ہیں مگر جو معاملات آئینی ہیں ان کے لیے ان کی جانب سے مطالبہ کرنا مناسب نہیں جو کام پارلیمنٹرینز نے کرنا ہے وہ ایکشن کمیٹی نہیں کرسکتی اب بھی وقت ہے ہم سب ملکر قومی ہم آہنگی کا ماحول پیدا کرنے کے لیے اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کریں۔