دمشق (آئی این پی )شامی وزیراعظم محمد غازی الجلالی نے کہا ہے کہ معزول صدربشارالاسد سے آخری رابطہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات ہوا تھا، اس کے بعد ان سے رابطہ منقطع ہوگیاتھا،کہ عوام کو تبدیلی سے گھبرانے کی ضرورت نہیں، حالات جلد معمول پر آجائیں گے۔ وزیراعظم محمد غازی الجلالی نے العربیہ ٹی وی سے ٹیلیفون پرگفتگو کرتے ہوئے ملک کے مفرور صدر بشارالاسد سے ٹیلیفون پر ہونے والی آخری گفتگو کے بارے میں بتایا کہ آخری بات چیت کے دوران صدربشارالاسدکو صورتحال سے آگاہ کیا تھا جس کے بعد صدر الاسد نے کہا موجودہ حالات پر کل بات کریں گے۔ شامی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں صورتحال کی سنگینی کا اندازہ نہیں تھا، مذاکرات سے بغاوت روکنے کی امید تھی لیکن جس تیزی کے ساتھ حالات تبدیل ہوئے اس کے لیے ہم کسی بھی طرح تیار نہیں تھے۔محمد غازی الجلالی کا کہنا تھا کہ شامی حکومت کے 28 وزرا میں بیشتر شام میں ہی موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام میں خوف وہراس کی فضا پھیلی ہوئی ہے لیکن عوام کو تبدیلی سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، حالات جلد معمول پر آجائیں گے، موجودہ حکومت ملک میں عام انتخابات اور پرامن انتقال اقتدارکی پابند ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تحریر الشام ملیشیاکے سربراہ ابو محمدالجولانی سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا تھا۔