یوکرین کی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، صدر زیلنسکی

یوکرین کی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، صدر زیلنسکی

کیف: یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین کی شمولیت کے بغیر یوکرین تنازع کا کوئی بھی حل امن کے خلاف تصور کیا جائے گا۔

 انہوں نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ یوکرین اپنی زمین کسی بھی قابض کو نہیں دے گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی 15 اگست کو امریکی ریاست الاسکا میں ہونے والی مجوزہ ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین امن کے ایک حقیقی اور پائیدار حل کے لیے تیار ہے، مگر کسی بھی فارمولے میں یوکرین کو شامل نہ کرنا امن کے اصولوں کے برعکس ہوگا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کی ملاقات روسی صدر پیوٹن سے 15 اگست کو الاسکا میں ہوگی۔ اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ جلد پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔امریکی میڈیا کے مطابق صدر پیوٹن نے امریکا کو پیشکش کی ہے کہ اگر مشرقی یوکرین کے معاملے پر سمجھوتہ ہو جائے تو وہ جنگ ختم کرنے پر آمادہ ہیں۔