بیجنگ: چین نے امریکا اور روس کے درمیان تعلقات میں بہتری کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے تینوں ممالک کے درمیان رابطہ بڑھانے اور یوکرین بحران کے سیاسی حل پر زور دیا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق، صدر شی جن پنگ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ چین چاہتا ہے کہ بیجنگ، ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان رابطے بحال اور مضبوط ہوں، تاکہ عالمی امن و استحکام کو فروغ دیا جا سکے اور یوکرین کے مسئلے کا سیاسی حل نکالا جا سکے۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، عالمی اور علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر پیوٹن کی ملاقات 15 اگست کو امریکی ریاست الاسکا میں طے پائی ہے۔ اس ملاقات کی تصدیق خود صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کی، جبکہ اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ وہ جلد پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔