امارات نے امریکا ایران جنگ بندی معاہدے پر وضاحتیں طلب کر لیں

امارات نے امریکا ایران جنگ بندی معاہدے پر وضاحتیں طلب کر لیں

متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے جنگ بندی معاہدے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے کی شرائط سے متعلق مزید وضاحتیں طلب کی جائیں گی تاکہ خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔

اماراتی وزارتِ خارجہ کے مطابق ان وضاحتوں کا مقصد خاص طور پر ایرانی حملوں کو روکنا اور خلیجی ممالک کے خلاف کسی بھی ممکنہ کارروائی کو ختم کرنا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جنگ بندی اسی وقت مؤثر ثابت ہو سکتی ہے جب ایران اپنی پالیسی اور اقدامات کے بارے میں واضح مؤقف پیش کرے۔وزارتِ خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آبنائے ہرمز کو بلا مشروط طور پر کھولا جانا ضروری ہے تاکہ عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل متاثر نہ ہو۔ حکام کے مطابق اس اہم آبی گزرگاہ کی بندش عالمی معیشت کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔

اماراتی حکام نے مزید کہا کہ خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کے حوالے سے ایران کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرنے کی ضرورت ہے اور ایران کو ان حملوں سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ بھی کرنا ہوگا۔تجزیہ کاروں کے مطابق امارات کا یہ بیان خطے میں بڑھتی ہوئی سفارتی سرگرمیوں اور جنگ بندی کے بعد کی پیچیدہ صورتحال کی عکاسی کرتا ہے، جہاں مختلف ممالک اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے سرگرم ہیں۔