ملک بھر میں 20روز میں بارشوں سے 96افراد جاں بحق، 192زخمی ہوئے
لاہور(کرائم رپورٹر) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں 19 مارچ سے 8 اپریل 2026 تک بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی نے تفصیلات جاری کر دیں۔این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بارشوں سے مجموعی طور پر 96 افراد جاں بحق، 192 زخمی ہونے جب کہ خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 48 اموات، 126 افراد زخمی ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ میں 20 افراد جاں بحق، 31 زخمی ہوئے، پنجاب میں 6 اموات، 17 افراد زخمی، بلوچستان میں 18 افراد جاں بحق، 17 زخمی ہوئے۔اِسی طرح آزاد کشمیر میں 4 اموات، ایک زخمی، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں کوئی جانی نقصان نہیں، بارشوں سے 182 مویشی ہلاک ہوئے۔دوسری جانب ملک بھر میں 1097 گھروں کو نقصان، 181 مکمل، 916 جزوی متاثر نقصان پہنچا،خیبرپختونخوا میں 797، سندھ میں 79، بلوچستان میں 162، پنجاب میں 4، آزاد کشمیر میں 55 گھروں کو نقصاں پہنچا۔علاوہ ازیں این ڈی ایم اے کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ شدید بارشوں سے 5 سکول اور 9 دیگر انفراسٹرکچر متاثر ہوئے۔این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف حصوں کے لیے جاری بارشوں کی وجہ سے ممکنہ خطرات و آفات کا الرٹ جاری کردیا۔اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور ڑالہ باری کا امکان ہے۔پنجاب میں مری، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، گوجر خان، جہلم، گجرات میں بارش، آندھی اور ڑالہ باری کا امکان ہے۔ گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، چنیوٹ، جھنگ میں بارش، آندھی اور ڑالہ باری کا امکان ہے۔ فیصل آباد، لاہور، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، گوجرہ، لیہ میں بارش، آندھی اور ڑالہ باری کا امکان ہے۔ میانوالی، بورے والا، ملتان اور ڈی جی خان میں بارش، آندھی اور ڑالہ باری کا امکان ہے۔ بارش اور آندھی کے باعث حد نگاہ میں کمی اور سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں۔ڑالہ باری سے فصلوں، گاڑیوں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ برفباری سے پہاڑی علاقوں میں ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔آندھی اور ڑالہ باری کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔مقامی موسمی ہدایات پر عمل کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔بروقت اطلاع کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی