پاکستانی سفارتکاری کے دنیا بھر میں مثبت اثرات، تیل کی قیمت میں کمی

سٹاک مارکیٹوں میں تیزی ،عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ
 واشنگٹن (آئی این پی )پاکستانی سفارتکاری کے باعث امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلانات کے بعد  عالمی آئل مارکیٹ میں  خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ عالمی منڈی میں جاری اعداد و شمار کے مطابق جنگ بندی کے مثبت اثرات کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں  19 فیصد تک کمی دیکھنے میں آئی ہے۔   برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں فی بیرل قیمت  112 ڈالر سے گھٹ کر تقریبا 90 ڈالر پر آ گئی۔اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت میں بھی 19 ڈالر 25 سینٹ کی بڑی کمی دیکھی گئی، جس کے بعد قیمت 115 ڈالر سے کم ہو کر 96 ڈالر 73 سینٹ فی بیرل ہو گئی۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر جنگ بندی برقرار رہی تو عالمی آئل مارکیٹ میں مزید استحکام اور قیمتوں میں کمی کا امکان موجود ہے۔دوسری جانب دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی تیزی کے رجحانات دیکھے  گئے ہیں ۔بڑی اور طویل جنگ کا خطرہ فی الحال ٹلنے پر بزنس کمیونٹی نے بھی سکھ کا سانس لیا ہے۔ ادھر امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اعلان کے بعد سونے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہو گیا۔عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ تین ہفتوں کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئے ہیں، اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 2.3 فیصد اضافہ ہونے سے فی اونس قیمت 4,812 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔امریکی گولڈ فیوچرز میں بھی 3.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، چاندی کی قیمت 4.9 فیصد اضافے کے بعد فی اونس 76.48 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر حملے دو ہفتوں کے لیے روکنے کے اعلان کے بعد مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کم ہوئی ہے، جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کی سونے کی خریداری میں دلچسپی بڑھ گئی ہے۔