امریکہ کی اجاری داری کا نظام ختم، چھ ہفتوں کی جنگ میں اسے سفارتی، فوجی شکست ہوئی:، امیر جماعت اسلامی
لاہور( آن لائن )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے امریکہ‘اسرائیل اور ایران جنگ بندی معاہدہ پر ایرانی قیادت اور قوم کے عزم اور استقامت کو سلام پیش کیا ہے اور حکومت پاکستان کی قیام امن کی کاوشوں کو سراہا ہے۔ منصورہ سے جاری ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ امریکہ و اسرائیل نے جس طرح عالمی قوانین کو روندتے ہوئے ایران پر حملے کیے اور اسے تہس نہس کرنے، ایران کا ایٹمی و میزائل پروگرام تباہ کرنے کے بلند و بانگ دعوے کیے وہ دھرے کے دھرے رہ گئے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ چھ ہفتوں کی جنگ کے بعد جس معاہدہ پر عارضی جنگ بندی ہوئی ہے وہ آبنائے ہزمز کے کھولنے پر ہے جو دراصل ایران کی کامیابی ہے جس پر ہم ایرانی قیادت اور قوم کی تزویراتی منصوبہ بندی کو سراہتے ہیں اور اسے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے اس سارے عمل میں حکومت پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ حکومت نے جس طرح خلیج میں صورتحال کو خراب ہونے سے بچانے اور سعودی عرب سے دفاعی معاہدہ برقرار رکھتے ہوئے تہران اور ریاض کے درمیان حالات کو نارمل رکھا وہ قابل تحسین ہے۔