ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت دہشت گردی کے خلاف جمعہ کو ملک گیر احتجاج ہوگا
لاہور (خصوصی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پاکستان اور افغانستان میں جاری جنگ و کشیدگی کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس امر زور دیا کہ کہ کابل یقینی بنائے افغان سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو اور دونوں ہمسایہ اسلامی ممالک مذاکرات سے مسائل کا حل نکالیں۔ منصورہ میں مرکزی مجلس عاملہ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے ایران پر امریکی واسرائیلی جارحیت کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور جمعہ کو امریکہ و اسرائیل کے خلاف اضلاع کی سطح پر ملک گیر یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا۔ اجلاس میں نائب امیر لیاقت بلوچ ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم و دیگر قائدین اور اراکین مجلس عاملہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی و عالمی معاملات اور خطے کی صورتحال پر غور کیا گیا اور جماعت اسلامی کا آئندہ کا لائحہ عمل تجویز ہوا۔ مجلس عاملہ نے امریکی و اسرائیلی جارحیت کے دوران ایران کے رہبر اعلیٰ علی خامنائی ، سابق صدر احمدی نژاد اور دیگر قائدین اور معصوم جانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور شہداء کی بلندی درجات کی دعا کی۔امیر جماعت اسلامی نے قائدین و کارکنان کو ہدایت کی کہ ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعہ کو پورے ملک میں مظاہروں کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے قوم سے مظاہروں میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں جماعت اسلامی و پوری پاکستانی قوم ایرانی حکومت و عوام کے ساتھ ہے اور ان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔