لاہور (خصوصی رپورٹ ) مظلوم فلسطینی شہریوں اور طلبا سے اظہارِ یکجہتی کے لئے پاکستان کے طلبا نے بھی میدان میں آنے کا اعلان کردیا ، لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب میں اسلامی جمعیت طلبہ کے مرکزی ناظمِ اعلیٰ حسن بلال ہاشمی نے طالبِ علم برادری مظلوم فلسطینیوں کے لئے "یکجہتی فلسطین مہم" کا آغاز کر رہی ہے۔ ناظم اعلیٰ نے اعلان کیا 16 اپریل کو ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں "یومِ سیاہ" منایا جائے گا اور احتجاجی مظاہرے ہوں گے جبکہ 23 اپریل کو کراچی اور لاہور میں امریکی قونصل خانوں کے باہر بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ 30 اپریل کو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی جانب "فلسطین مارچ" کیا جائے گا، جس میں ملک بھر سے طلبا شریک ہوں گے۔ اس موقع پر صاحبزادہ وسیم حیدر، آفتاب حسین مجاہد، ابوذرغفاری، عبداللہ بن عباس اور محمد طیب چوہان بھی موجود تھے۔