79سے زائد مجسٹریٹس کی فوج ظفر موج بھی گراں فروشوں پر بھاری نہ پڑ سکی، شہری پریشانی کا شکار
لاہور ( کرائم رپورٹر )شہر میں گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑا کریک ڈاون تاحال چیلنج ہے،مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئے کوئی سرکاری پیمانہ کامیاب نہیں ہو سکا،ضلعی انتظامیہ ناکام ہو گئی۔ تفصیل کے مطابق 79سے زائد مجسٹریٹس کی فوج ظفر موج بھی گراں فروشوں پر بھاری نہ پڑ سکی۔ مہنگائی کا تناسب سو فیصد اوپرگیا جس کے باعث شہری پریشانی کا شکار ہیں۔79 سے زائد مجسٹریٹس کے لئے ایک لاکھ 48ہزار اشیائے ضروریہ کی د کانوں کی چیکنگ نا ممکن ہے ،انتظامی رپورٹ کے مطابق مجسٹریٹس شہر میں رٹ قائم کرنے میں ناکام ہیں۔شہر میں10ہزار تنور ،چار سو میگا سٹورز کی نگرانی کے لئے مانیٹرنگ نہ ہونے کے برابر ہے۔ڈی سی کاوٓنٹرز پر اشیا کا معیار نہ ہونے کے برابر ہے ، متعدد تنوروں پرسادہ روٹی 14 کے بجائے 16روپے میں فروخت ہو رہی ،بیف اور مٹن بھی دگنی قیمت پر بیچے جا رہے ،دالوں ،سبزیوں ،خشک و سبز مصالحہ جات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ بھی نہ رک سکا۔دہی اور دودھ مہنگے داموں کھلے عام فروخت کئے جا رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق خلاف ورزیوں پر 8 مقدمات کا اندراج، 73 وارننگ، 6 گرفتاریاں ،گراں فروشی پر ڈیڑھ لاکھ روپے کے جرمانے، 3 دکانیں سربمہر کی گئیں ۔ڈی سی سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا مہنگائی ریلیف فراہم کرنے کی کاوشیں جاری ہیں۔