متعلقہ آفیسرز اور اہلکاروں کیخلاف نااہلی اورفرائض میں غفلت کے ثبوت ملنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر ) پنجاب میں جیلوں کی انسپکشن ،ڈسٹرکٹ جیل شاہ پور میں کارروائی ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو سمیت 3افسر معطل کر دیئے گئے۔ تفصیل کے مطابق ناقص کارکردگی پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ جیل شاہ پور عطا الرحمن کو معطل کر دیا گیا۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کو فرائض کی انجام دہی میں غفلت، نااہلی اور بدانتظامی پر معطل کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ جیل شاہ پور کے سٹور کیپر عمران حسنین اور لنگر انچارج ہیڈ وارڈر سلطان احمد کو بھی معطل کر دیا گیا۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ جیل شاہ پور میں راشن چوری و خرد برد کی اطلاع ملی تھی جس پر ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز اور جیل سپرنٹنڈنٹ سے انکوائری کروائی گئی۔ متعلقہ آفیسرز اور اہلکاروں کے خلاف ثبوت ملنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب نے معطلی کے احکامات جاری کرتے ہوئے پیڈا کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ریجنل آفس ڈی جی خان مظہر اقبال کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو شاہ پور تعینات کر دیا گیا ہے۔