ٹیرف میں اضافہ امریکا کی بلیک میلنگ کی نوعیت کو مزید بے نقاب کرتا ہے جسے چین کبھی قبول نہیں کریگا
بیجنگ(آئی این پی) چین کی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ اگر امریکا اپنے ٹیرف اقدامات کو بڑھاتا ہے تو چین اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم طریقے سے جوابی اقدامات کرے گا۔ یہ بیان منگل کو وزارت تجارت کے ترجمان کی طرف سے امریکا کی جانب سے چینی درآمدات پر 50فیصد اضافی ٹیرف لگانے کی دھمکی کے بعد دیا گیا ہے جس میں زور دے کر کہا گیا کہ چین سختی سے ان اقدامات کی مخالفت کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ چین کے خلاف امریکا کے نام نہادباہمی ٹیرف بے بنیاد ہیں اور یہ یکطرفہ غنڈہ گردی کا ایک عام عمل ہے۔ترجمان نے نوٹ کیا کہ چین نے جو جوابی اقدامات اپنائے ہیں وہ مکمل طور پر جائز اقدامات ہیں جن کا مقصد اس کی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ایک عام بین الاقوامی تجارتی ترتیب کو برقرار رکھنا ہے۔ترجمان نے کہا کہ چین کے خلاف امریکی ٹیرف میں اضافے کا خطرہ اس کی غلطی کو بڑھاتا ہے اور اس کی بلیک میلنگ کی نوعیت کو مزید بے نقاب کرتا ہے جسے چین کبھی بھی قبول نہیں کرے گا۔