یرغمالیوں کی رہائی کیلئے کام کر رہے ہیں،ایران کیساتھ معاہدہ کرنا ترجیح ، اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات میں گفتگو
غزہ کے لوگوں کو کہیں بھی جانے کا انتخاب کرنا چاہیے،ہم نہیں چاہتے شام کو ترکیہ اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرے،یاہو
واشنگٹن (آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ جنگ کو رکنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا،غزہ پر کنٹرول کرنا اور اسے ملکیت میں لانا اچھی بات ہے، حماس کی زیرحراست یرغمالیوں کی رہائی کیلئے کام کر رہے ہیں،ایران کیساتھ براہ راست بات چیت کرنے جارہے ہیں۔ایران کیساتھ معاہدہ کرنا ترجیح ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ا دارے کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے وائٹ ہائوس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا ویسٹ وِنگ کے باہر استقبال کیا۔یہ نیتن یاہو کا صدر ٹرمپ کے دوبارہ صدر بننے کے بعد دوسرا امریکی دورہ ہے۔صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم کے سا تھ وائٹ ہائوس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیرف پر بہت سے ممالک کیساتھ زبردست پیش رفت کر رہے ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ ایران کیساتھ براہ راست بات چیت کرنے جارہے ہیں۔ایران کیساتھ معاہدہ کرنا ترجیح ہے، براہ راست بات چیت میں معاہدہ بھی ہوسکتا ہے ۔امریکی صدر نے پھر دھمکی دی کہ ایران سے بات چیت کامیاب نہ ہوئی تو ایران بڑے خطرے میں آجائے گا،یہ نہیں ہوسکتا کہ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار ہو۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نے ٹرمپ سے ملاقات میں کہاکہ امریکا کیساتھ تجارتی خسارے کو ختم کریں گے، غزہ سے متعلق ایک اور ڈیل کیلئے کام کررہے ہیں،غزہ کے لوگوں کو کہیں بھی جانے کا انتخاب کرنا چاہیے۔ہم نہیں چاہتے کہ شام کو ترکیہ اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرے۔وائٹ ہائوس کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ اور نیتن یاہو کی طے شدہ مشترکا پریس کانفرنس منسوخ کردی گئی۔