لاشوں پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، کسی کی ذات، قومیت کا مسئلہ نہیں،کراچی کے ہر شہری کا مقدمہ لڑ رہا ہوں
کراچی (آئی این پی) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سوال اٹھایا ہے کہ مئیرکراچی مرتضیٰ وہاب کو میری مرسڈیز پر اعتراض ہے تو کیا وہ خود چنگ چی پر آفس جاتے ہیں؟۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ صرف نیوز کانفرنسز کرتے ہیں کوئی کام بھی کرلیں، کبھی افطار تو کبھی شہداء کے اہل خانہ کی مدد پر تنقید سن رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب کو پڑھا لکھا آدمی سمجھتا تھا لیکن انہوں نے بہت چھوٹی بات کی ہے، مجھے کہا کہ بڑی گاڑی میں آتا ہوں، تو آپ کیا چنگ چی میں آتے ہو؟۔اس موقع پر انہوں نے مرتضیٰ وہاب کو موٹر سائیکل پر ساتھ بیٹھ کر کراچی کا چکر لگانے کی پیشکش کردی۔ انہوں نے کہا کہ آئیں پورا شہرگھومتے ہیں، میں بائیک چلائوں گا آپ پیچھے بیٹھ جائیں۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ لاشوں پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، کسی کی ذات، قومیت کا مسئلہ نہیں، لاشوں پر سیاست نہیں ہوگی ہم نے شہر سے ٹریفک حادثات کو ختم کرنا ہے، کراچی میں رہنے والے ہر شہری کا مقدمہ میں لڑ رہا ہوں۔