راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے راولپنڈی میں ملاقات کی ‘ شاہد آفریدی نے آرمی چیف سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے گفتگو میں کہا ملک میں تفریح کا واحد ذریعہ کرکٹ ہے، محسن نقوی ایک محنتی شخص ہیں جو کرکٹ کے لیے خلوص سے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔ اگر پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی وزارتِ داخلہ اور پی سی بی کی چیئرمین شپ میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں تو پاکستان کو فائدہ ہو گا، دو عہدوں کے ساتھ وہ کامیاب نہیں ہو سکتے۔ محسن نقوی میں کرکٹ کی بہتری کے لیے بہت زیادہ جوش اور ہمت ہے، کرکٹ فل ٹائم جاب ہے، وزارتِ داخلہ اور پی سی بی چیئرمین شپ دونوں بڑی ذمے داریاں ہیں، دو بڑے کام ایک ساتھ نہیں ہو سکتے۔