پاکستانی شہریوں کو5 سال کیلئے متحدہ عرب امارات کا ویزا ملے گا سفیر حماد عبید الزابی

درخواست گزاروں کو واپسی کا ٹکٹ، ہوٹل کی بکنگ، اگر کوئی جائیداد ہے تو اس کے ثبوت اور 3 ہزار اماراتی درہم جمع کرانا لازمی ہوگا

کراچی(آئی این پی)متحدہ عرب امارات نے ویزے کے حصول کے لیے شرائط سخت کرنے کے بعد پاکستانیوں کو  خوش خبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب 5 سالہ ویزے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔گورنر ہاس کراچی میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ملاقات کے دوران اعلان کیا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے شہری اب 5 سالہ ویزے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، اس موقع پر قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی بھی موجود تھے۔حمد عبید الزعابی نے اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو کراچی میں واقع متحدہ عرب امارات کے ویزا سینٹر کے دورے کی دعوت بھی دی اور گورنر کے اعلان کردہ اقدامات میں تعاون کا اظہار بھی  کیا۔سفیر کے اس اعلان کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے حکام کی جانب سے تصدیق ہوگئی ہے کہ اس وقت پاکستان کے شہریوں پر ویزے کی کوئی پابندی نہیں ہے۔وزارت خارجہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی 5 سالہ ویزا پالیسی کے تحت درخواست گزاروں کو واپسی کا ٹکٹ، ہوٹل کی بکنگ، اگر کوئی جائیداد ہے تو اس کے ثبوت اور 3 ہزار اماراتی درہم جمع کرانا لازمی ہوگا۔