وزارت تعلیم ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے،وفاقی وزیر تعلیم
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں معیار تعلیم کو فروغ دینے کی خواہاں ہیں۔ طلبہ کو فیسٹیول میں سیکھنے کا موقع ملے گا،یہ ہمار ا مستقبل ہیں۔تفصیل کے مطابق وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور نیشنل بک فائونڈیشن کے زیر اہتمام تین روزہ پاکستان لرننگ فیسٹیول کا سلام آباد کالج برائے طلبہ(آئی سی بی) جی 6/3 میں آغاز ہو گیا۔ وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی فیسٹول کی افتتاحی تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال،سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی اور وزارت تعلیم کے ذیلی اداروں کے اعلی حکام کے علاوہ اساتذہ اور طلبہ کی ایک بڑی تعداد افتتاحی تقریب میں شرکت تھی۔وفاقی وزیر تعلیم نے فیسٹیول میں لگائے گئے مختلف سٹالز کا دورہ کیا ،انہوں نے ان میں گہری دلچسپی لی ۔اس موقع پر سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے وفاقی وزیر کو فیسٹول کے بارے میں بریفنگ دی۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ طلبہ کو فیسٹیول میں سیکھنے کا موقع ملے گا،یہ ہمار امستقبل ہیں۔انہوں نے وزارت اور خاص طور پر سیکرٹری تعلیم کی کاوشوں کو سراتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پہلی مرتبہ سرکاری سکول کے طلبا کے لیے اس طرح کے ایک بڑے فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔وزارت تعلیم ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے اور یہ فیسٹیول ان اقدامات کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ملک میں معیار تعلیم کو فروغ دینے کی خواہاں ہے۔