کراچی: لیاقت آباد کے علاقے میں 16 سالہ لڑکی گھر میں مردہ حالت میں پائی گئی، پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات میں واقعے کو خودکشی قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد نمبر 6 میں حنفیہ مسجد کے قریب واقع ایک گھر سے 16 سالہ لڑکی کی پھندے سے لٹکی لاش ملی۔ اطلاع ملنے پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی لڑکی کی شناخت 16 سالہ نویرہ دختر سرفراز کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق لڑکی نے مبینہ طور پر گھریلو رنجش کے باعث اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ موت کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔دوسری جانب، ورثا نے پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کرانے سے انکار کردیا، جس کے بعد پولیس نے ضابطے کی کارروائی مکمل کرکے لاش ورثا کے حوالے کردی۔