کراچی: ایم اے جناح روڈ پر واقع کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں میئر کراچی کا دفتر مکمل طور پر جل گیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کے ایم سی ہیڈ آفس میں لگنے والی آگ پر 3 فائر ٹینڈرز کی مدد سے قابو پالیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ میئر کراچی کے دفتر سے متصل کچن میں لگی، جس نے بعد ازاں میئر کراچی کے دفتر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے دوران کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم آگ لگنے کی فوری وجہ معلوم نہیں ہو سکی، جس کے تعین کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔دوسری جانب، گزشتہ روز لانڈھی پروسیسنگ زون میں واقع ایک کپڑے کی فیکٹری میں بھی خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے دوران بڑی مقدار میں سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ریسکیو حکام نے آتشزدگی سے متاثرہ فیکٹری کی عمارت کو مخدوش قرار دے دیا ہے۔