قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی اسٹار اسپنر نشرہ سندھو نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کے لیے نئی تاریخ رقم کردی۔
دبئی میں جاری ویمنز ایشیا کپ کے دوران انڈونیشیا کے خلاف میچ میں نشرہ سندھو نے شاندار اور تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 7 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کرلیں۔اس کارکردگی کے ساتھ نشرہ سندھو ویمنز یا مینز، دونوں فارمیٹس کو ملا کر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی جانب سے ایک اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرنے والی پہلی کھلاڑی بن گئیں۔پاکستان کی جانب سے ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اس سے قبل بہترین بولنگ کا ریکارڈ عمیمہ سہیل کے پاس تھا، جنہوں نے 13 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
جبکہ پاکستان کے مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کو مجموعی طور پر دیکھا جائے تو بہترین بولنگ کا ریکارڈ اس سے قبل سفیان مقیم کے پاس تھا، جنہوں نے 3 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔نشرہ سندھو کی شاندار بولنگ کے باوجود ایک دلچسپ حقیقت یہ بھی ہے کہ رواں ویمنز ایشیا کپ میں سری لنکا کی چماری اتاپتو نے انڈونیشیا کے خلاف اس سے بھی زیادہ شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 5 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔نشرہ سندھو کی یہ تاریخی کارکردگی پاکستان ویمنز کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔