1500تعمیراتی مقامات،قذافی سٹیڈیم میں واٹر سپرنکل سسٹم لگانے کی ہدایت
لاہور (کرائم رپورٹر)سینئرصو با ئی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چین کی طرز پر لاہور میں فضائی آلودگی اور دھول مٹی سے نجات کا جدید طریقہ لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،لاہور میں 1500 تعمیراتی مقامات پر پانی چھڑکائو کا جدید نظام نصب کرنے کا حکم دیدیا گیا۔وزیر اعلی ٰنے سی اینڈ ڈبلیواور ایل ڈی اے کو 15 جنوری تک قذافی سٹیڈیم میں بھی واٹر سپرنکل سسٹم لگانے کی ہدایت کردی جس میں پانی کا فوارہ ایسے چلایا جاتا ہے جس سے تعمیراتی مقام پر مٹی اڑے نہ گردو غبار پیدا ہو۔10 فروری کے بعد پانی چھڑکائوکے طریقہ کار پر عمل نہ کرنے پر مقدمہ درج ہوگا،تعمیراتی مقامات کو سبز کپڑے سے ڈھانپنا لازمی ہوگا تاکہ کام کے دوران سیمنٹ، مٹی اور دھول نہ اڑے۔ مریم اورنگزیب نے کہا یہ مقامی ٹیکنالوجی ہے جس پر 3ہفتے سے تجربات جاری تھے۔ای پی اے (ماحولیاتی تحفظ کا ادارہ )نے تجربات کی کامیابی کے بعد اسے عملی طور پر لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے،واٹر سپرنکلرز اور مسٹ کے اس طریقہ کار سے انسدادسموگ میں مزید بہتری آئے گی۔ ماحولیاتی تحفظ کا ادارہ 9 ماہ سے فضائی آلودگی کے خاتمے کی جنگ لڑ رہا ہے، ماحولیاتی بہتری کیلئے رویوں کی تبدیلی، ہر فرد کا تعاون، جدید مشینری اور طریقوں کا استعمال ضروری ہے۔