اسلام آباد‘لاہور (یواین پی‘آئن لائن) حکومت نے بجلی سبسڈی کا پرانا نظام ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کے تحت عام شہریوں کو 200 یونٹ تک بجلی کے استعمال پر ملنے والی رعایت اب صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کو ملے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان نے بجلی کی سبسڈی کے نظام میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے، اس نئے منصوبے کے تحت اب سبسڈی میٹر کی بجائے سماجی حیثیت کی بنیاد پر دی جائے گی، حکومتِ پاکستان نے آئی ایم ایف کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ آئندہ 8 ماہ میں بجلی سبسڈی کا موجودہ ڈھانچہ تبدیل کردیا جائے گا‘دریں اثناء پاور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی نے پاور سیکٹر کے تمام افسران و ملازمین کیلئے مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد بلنگ سسٹم میں باقاعدہ ترمیم مکمل کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق کمپنی نے بلنگ سسٹم میں تبدیلیاں کرتے ہوئے تمام متعلقہ کمپنیوں کے سربراہان کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں مفت بجلی کی فراہمی کے طریقہ کار میں بنیادی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔