ایران سےجنگ جیتنے کے بعد پٹرول کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آئے گی:صدر ڈونلڈ ٹرمپ

ایران سےجنگ جیتنے کے بعد پٹرول کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آئے گی:صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ میں امریکا کی فتح کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تیزی سے کم ہوں گی اور امریکی صارفین کے لیے پٹرول بھی سستا ہوجائے گا۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ جنگ جیتنے کے بعد تیل کی قیمتیں ’بہت تیزی سے‘ نیچے آئیں گی۔ ان کے مطابق امریکی صارفین کے لیے پٹرول کی قیمت تقریباً 3 ڈالر فی گیلن تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ بالآخر یہ 2 ڈالر فی گیلن سے بھی کم ہوسکتی ہے۔امریکی صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران مستقبل میں جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکے گا۔ ٹرمپ کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ اور آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث عالمی تیل کی منڈی شدید دباؤ کا شکار ہے۔حالیہ کشیدگی کے دوران عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ مارکیٹ میں سپلائی متاثر ہونے کے خدشات بھی برقرار ہیں۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت حالیہ دنوں میں 98 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ چکی ہے۔

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے بعد صورتحال تیزی سے معمول پر آجائے گی اور تیل و پٹرول کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوگی۔تاہم ماہرین کے مطابق پٹرول کی قیمت 2 ڈالر فی گیلن سے نیچے آنے کی پیش گوئی کو فی الحال ایک سیاسی دعوے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ اس کا عملی انحصار جنگ کے خاتمے، عالمی تیل کی سپلائی، آبنائے ہرمز کی صورتحال اور عالمی مارکیٹ میں طلب و رسد پر ہوگا۔ایران کے ساتھ جاری تنازع کے مستقبل اور خطے سے تیل کی ترسیل کی صورتحال آنے والے دنوں میں عالمی توانائی مارکیٹ کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوسکتی ہے۔